ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سکھر بشریٰ منصور کی زیرصدارت یومِ آزادی کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس

15

سکھر،23جولائی(اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سکھر بشریٰ منصور کی زیر صدارت 14 اگست، یومِ آزادی کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ای ڈی سی ٹو سکھر نے بتایا کہ اس سال یومِ آزادی کی تقریبات 6 دن تک جاری رہیں گی۔

 انہوں نے کہا کہ پروگرام کے مطابق10 اگست کو یونیورسٹیوں میں جشنِ آزادی کے حوالے سے تقاریب منعقد ہوں گی جن میں طلباء تقاریر کے مقابلوں میں حصہ لیں گے،11 اگست کو “پیغامِ امن” کے عنوان سے چرچ میں ایک پروگرام منعقد کیا جائے گا، اسی دن پولیس کی جانب سے فلیگ مارچ بھی کرایا جائے گا،12 اگست کو سول ڈیفنس کی جانب سے پروگرام منعقد کیا جائے گا،13اگست کو ای ڈی سی ٹو بشریٰ منصور نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ طلباءسے یومِ آزادی کے حوالے سے ڈسکوری ویڈیوز ریکارڈ کروا کر پیش کی جائیں، بہترین ویڈیوز پیش کرنے والوں کو ڈپٹی کمشنر آفس سکھر کی جانب سے انعام دیا جائے گا،14 اگست کو واکنگ ٹریک پر قومی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب منعقد کی جائے گی،جس میں اسکول کے بچے یومِ آزادی کے حوالے سے تقاریر اور ٹیبلوز پیش کریں گے،15 اگست کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی جانب سے پورے سکھر میں صفائی ستھرائی کروائی جائے گی۔

اجلاس میں ریجنل ڈائریکٹر کالجز، ریجنل ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن، ریجنل ڈائریکٹر اسٹیوٹا، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی، ڈی ایچ او سکھر، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس، سیپکو، ٹاؤنز کے چیئرمین، میونسپل کمشنر سکھر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور دیگر مختلف محکموں کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔