بھارت جنوبی ایشیاء کے امن کے لئے بڑا خطرہ ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے،عطاء اللہ تارڑ

10

اسلام آباد،31جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت جنوبی ایشیاء کے امن کے لئے بڑا خطرہ ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے، پہلگام واقعہ کا ہم پر بے بنیاد الزام عائد کیا گیا، ہم نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تو بھارت نے اس کا جواب دینے کی بجائے جنگی ماحول میں اضافہ کیا، بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، پانی ہماری بقاء ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، بیانیہ اور سفارتی محاذ پر کامیابی اور امن کی خواہش رکھنے کے باوجود ہم نے ثابت کیا کہ ہم بلا اشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، معرکہ حق کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر دوبارہ زندہ ہو گیا ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز (آئی آر ایس) کے زیر اہتمام جنوبی ایشیاء میں قیام امن پر پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج کی اس اہم نشست میں شرکت میرے لئے باعث فخر ہے۔ اس مکالمے کے اہتمام پر انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز اور بیکن ہاؤس سینٹر فار پالیسی اینڈ ریسرچ کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کا تعلق ہے، پاکستان کا موقف ہمیشہ واضح، مستقل اور غیر مبہم رہا ہے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس نے ہمیشہ اس خطے میں استحکام، مفاہمت اور مکالمے کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں جو بگاڑ ہم دیکھ رہے ہیں وہ بھارت میں بڑھتی ہوئی بنیاد پرستی اور انتہاء پسندی کے ساتھ براہ راست تناسب رکھتا ہے۔ ہندوتوا نظریئے نے جس طرح مقبولیت حاصل کی ہے اور جس انداز میں اس کی تشہیر کی جا رہی ہے وہ اس خطے کو درپیش سب سے بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور یہ ثابت بھی کیا ہے کہ اگر پاکستان پر کوئی بلا اشتعال اور بلا جواز جنگ مسلط کی گئی تو ہمارے پاس اس کا موثر جواب دینے کی صلاحیت اور استعداد موجود ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بیرونی فنڈنگ کے شواہد موجود ہیں اور بھارت اس میں بڑی حد تک ملوث ہے جو ہمارے صوبوں میں بدامنی اور امن و امان کی صورتحال پیدا کر رہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ سے پہلے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی سوچ تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی امن کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے تو وہ ہمیشہ کسی بین الاقوامی معاہدے میں مداخلت کرنے کا سوچتا ہے۔  یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک عالمی معاہدے کو یکطرفہ طور پر دوسرے فریق کی رضامندی کے بغیر معطل کر دیا جائے یا معطل رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہی سوچ تھی کہ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جائے۔