خیرپور : یومِ عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ،سیکیورٹی کے سخت انتظامات

3

خیرپور،06جولائی(اے پی پی): ملک کے دوسرے شہروں کی طرع خیرپور میں بھی آج دس محرم الحرام کا دن مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ، ان کے اہلِ بیت اور وفادار ساتھیوں کی لازوال قربانی کی یاد میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس، مجالسِ عزا اور تعزیے نکالے گئے۔

یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔ پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حساس علاقوں میں گشت بڑھا دیا۔ متعدد شہروں میں موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطل رہی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔جلوسوں کے راستوں کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور خواتین اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی۔

مرکزی امام بارگاہ انجمن حیدری امام بارگاہ قصر حسینی امام بارگاہ دبیر حسین سے علم ذوالجناح اور تعزیے کا مرکزی جلوس برامد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پنجگلہ پہنچا جہاں چھوٹے بڑے تقریبا تین سو جلوسوں میں شامل ہو گا اسکے بعد زنجیر زنی اور گرز کا ماتم ہو گا اسکے بعد مقامی ذاکر جلوس سے خطاب کریں گے اور پھر تمام جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے واپس امام بارگاہوں اور کربلا انجمن حیدری اختتام پزیر ہوں گے۔