اسلام آباد ، 16 جولائی (اے پی پی):سی ڈی اے کے کمرشل پلاٹوں کا نیلام عام دوسرے دن بھی کامیابی سے جاری رہا ۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے ہیں ، نیلام عام میں سرمایہ کاروں کی بھر پور شرکت کے ساتھ مختلف پلاٹس کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ۔ نیلام عام میں اب تک 8 کمرشل پلاٹس مجموعی طور پر 19.03 ارب روپے میں نیلام کئے گئے ہیں ۔
نیلام عام کے دوسرے دن پلاٹ نمبر 20 پٹرول پمپ کیٹگری I-14 مرکز میں واقع 1.64 ارب میں نیلام کیا گیا۔
نیلام عام کے دوسرے دن پلاٹ نمبر 1-E واقع ایف الیون ون میں تقریباً 25.13 کروڑ میں نیلام کیا گیا جبکہ نیلام عام کے پہلے دن بلیو ایریا ( جی ایٹ) کا پلاٹ نمبر 13 تقریباً 7.24 ارب روپے میں نیلام ہوا۔ بلیو ایریا (جی ایٹ) کا پلاٹ نمبر 14 تقریباً 4.16 ارب روپے میں نیلام کیا گیا ۔
بلیو ایریا (جی ایٹ) کا پلاٹ نمبر 12 تقریباً 3.60 ارب روپے میں نیلام کیا گیا ۔ آ ئی چودہ کا پلاٹ نمبر 3-A تقریباً 74.932 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا۔
مرکز I-14 کا پلاٹ نمبر 3B کو 70.932 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا۔مرکز I-14 کا پلاٹ نمبر 10A کو 66.932 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا۔سی ڈی اے کے زیر اہتمام اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس اور بلیو ایریا کے پارکنگ پلازہ کی دوکانوں کا شاندار نیلام عام کل بروز جمعرات 17 جولائی تک جاری رہے گا۔
نیلام عام میں سرمایہ کاروں کی بھر پور شرکت اس بات کا مکمل ثبوت ہے کہ سرمایہ کاروں نے سی ڈی اے کے زیر انتظام منعقدہ نیلام عام میں پلاٹس کی خریداری میں دلچسپی لے کے اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
نیلامی میں مختلف کٹیگریز کے کمرشل پلاٹس اور دکانیں شفاف طریقہ کار کے مطابق سرمایہ کاری کیلئے اوپن آکشن کے ذریعے نیلام کئے جارہے ہیں۔سہ روزہ نیلامی میں 46 پلاٹس اور دکانیں اوپن نیلام عام کیلئے پیش کئے گئے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ممبر اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجنئیرنگ سید نفاست رضا اور ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ نے اوپن نیلام عام کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے تھے۔اس کے علاوہ ممبر فنانس طاہر نعیم کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جس میں ڈی جی ریسورس، ڈی جی بلڈنگ کنڑول، ڈی جی لاء اور دیگر افسران شامل ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کی آگاہی کیلئے سی ڈی اے نے انویسٹمنٹ ایکسپو کا جناح کنونشن سینٹر میں انعقاد کیا ہے ۔انویسٹمنٹ ایکسپو میں انوائرمنٹ ونگ، ایم سی آئی، سپورٹس اینڈ کلچر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے انفارمیشن بوتھ قائم کئے گئے ہیں ۔سرمایہ کار اور بزنس دوست اقدامات میں شامل ایک ماہ کے اندر یکمشت ادائیگی پر 5 فیصد رعایت دی گئی ہے۔امریکی ڈالر میں یکمشت ادائیگی میں 5 فیصد اضافی رعایت کی سہولت حاصل ہوگی۔ہر قدم پر سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے فیسلی یٹیشن ٹیم رہنمائی کرے۔











