اسلام آباد،31 جولائی (اے پی پی): صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے گھانا میں پاکستان کے نامزد سفیر نجيب درّانی نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان اور گھانا کے دوستانہ تعلقات کو دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے لیے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کاروباری مواقع کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتا ہے اور گھانا کی کمپنیوں کو پاکستان میں مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے گھانا کے سفارت کاروں اور انجینئروں کی پاکستان میں تربیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اور گھانا کے ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مستحکم ہونا چاہیے۔
صدرِ مملکت نے سفیر نجيب درّانی کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔