صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ سے ترک قونصل جنرل کی ملاقات، بین المذاہب ہم آہنگی اور ثقافتی تعاون پر تبادلہ خیال

14

لاہور، 17 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سے ترکی کے قونصل جنرل ڈرمس بیستگ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکی کے مابین دوطرفہ تعلقات، بین المذاہب ہم آہنگی، اور ثقافتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقلیتوں کے تحفظ، مذہبی سیاحت، تعلیم، اور ثقافتی تبادلے کے میدان میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ ترکی کی پاکستان کیلئے حمایت قابل تحسین ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ انہوں نے اقلیتوں کے حقوق، مساوات اور بقائے باہمی کے فروغ پر بھی زور دیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اقلیت دوست پالیسیوں کی بدولت صوبے میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملا ہے۔ ترک قونصل جنرل نے پنجاب حکومت کی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تاریخی ورثے کی بحالی میں تعاون کی پیشکش بھی کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور بین المذاہب مکالمے کو علاقائی امن کی کنجی کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔ ملاقات ایک دوستانہ اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات کے نئے امکانات پر بات چیت کی گئی۔