طلبہ پاکستان کا مستقبل ہیں، وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب 

12

اسلام آباد، 24 جولائی (اے پی پی):  وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کی جانب سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے پوزیشن ہولڈرز کے والدین کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کے بچوں نے شاندار کامیابی حاصل کرکے والدین کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے پنجاب بورڈ اور حکومت پنجاب کی جانب سے تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ “تعلیم میں مثالی خدمات کا سارا کریڈٹ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو جاتا ہے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ کے اسکالرشپ پروگرام کو طلبہ و طالبات کے لیے انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ ایسے تعلیمی اقدامات کسی اور صوبے میں دیکھنے کو نہیں ملتے۔ محمد حنیف عباسی نے این اے 56 میں تعلیم اور صحت کے میدان میں جاری اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح تعلیم، صحت اور صاف ستھرا ماحول دینا ہے۔

انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ سنی سنائی باتوں پر عمل نہ کریں بلکہ شعور، عقل اور علم کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ “تعلیم ایک زیور ہے جو محتاجی سے بچاتی ہے اور اساتذہ اور سرکاری جامعات نجی اداروں سے بہتر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے طلبہ کو ملک کے اندرونی خطرات کے خلاف تعلیم کو ہتھیار بنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا، “جیسے پاک فوج ملک کو بیرونی خطرات سے محفوظ رکھ رہی ہے، ویسے ہی آپ نے تعلیم کے ذریعے ملک کو اندرونی خطرات سے بچانا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو حوصلہ، ہمت، خدمتِ خلق اور والدین کے احترام کا درس دیا اور کہا زندگی میں مشکلات آتی ہیں، ڈرنا نہیں، قوم کے حالات بدلنے کا جذبہ پیدا کریں۔

 آخر میں انہوں نے طلبہ و طالبات کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے ان کی کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔