فیصل آباد09 جولائی (اے پی پی): فیسکو خانوآنہ سب ڈویژن میں بجلی چوروں کے خلاف کامیاب کارروائیوں میں انسپکٹر عثمان چوہدری نے اپنی دبنگ کارکردگی سے نمایاں مقام حاصل کر لیا۔ انہوں نے گزشتہ تین ماہ کے دوران بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 50 سے زائد افراد کو موقع پر بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور 55 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔
ان کارروائیوں کے نتیجے میں فیسکو کو 50 سے 60 لاکھ روپے جرمانے کی صورت میں ریونیو حاصل ہوا جو سرکاری خزانے میں جمع کروا دیا گیا۔ انسپکٹر عثمان چوہدری کی ان کوششوں کو نہ صرف فیسکو کی سطح پر سراہا گیا بلکہ SDO رانا مخدوم نے بھی ان کی کارکردگی کو مثالی قرار دیتے ہوئے انہیں شاباش دی اور حوصلہ افزائی کی۔
انہوں نے کہا کہ صارفین کو سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے فوری حل کے ساتھ ساتھ بجلی چوری جیسے معاشرتی ناسور کے خلاف بھی یہی جذبہ درکار ہے جو انسپکٹر عثمان چوہدری نے بخوبی پیش کیا ہے۔
دوسری جانب ایکسیئن جڑانوالہ اسد علی شاہ نے بھی ان کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بجلی چوروں کے خلاف سخت رویہ اختیار کیے ہوئے ہے تاکہ نہ صرف ادارے کو مالی نقصان سے بچایا جا سکے بلکہ ایماندار صارفین کو بھی بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آئندہ بھی ایسے عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ادارے کی نیک نامی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔