اسلام آباد، 28 جولائی(اے پی پی):فیڈرل ٹیکس محتسب کے دفتر میں تربیت حاصل کرنے والے انٹرنز کے ایک گروپ نے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ، اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کے کردار، کام اور عوامی شکایات کے ازالے کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر مشیر وفاقی محتسب دفتر، شاہد ہمایوں اور ڈائریکٹر جنرل (ایڈمن)، محمد صفدر نے انٹرنز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ادارہ انتظامی احتساب کے حوالے سے ملک کا ایک موثر اور قابلِ بھروسہ فورم بن چکا ہے، جو عوام کو مفت اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ محتسب کا نظام ملک میں مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے اور اب اس تصور کو دیگر شعبہ جات جیسے بینکنگ، انشورنس، ٹیکسیشن اور کام کی جگہ پر خواتین کو ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے بھی اپنایا جا چکا ہے۔
انٹرنز کو بتایا گیا کہ سال 2024 کے دوران ادارے کو مجموعی طور پر 2,26,373 عوامی شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 2,23,198 شکایات نمٹا دی گئیں۔ یہ گزشتہ برس کے مقابلے میں شکایات کی وصولی اور ان کے فیصلوں میں بالترتیب 17 اور 16 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
بعد ازاں انٹرنز نے وفاقی محتسب دفتر کے احاطے میں قائم ایشیائی محتسب ایسوسی ایشن (AOA) کے سیکرٹریٹ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر سینئر مشیر اور اے او اے کے ایگزیکٹو سیکریٹری، سفیر (ر) عبدالمعیز بخاری نے انٹرنز کو پاکستان کے بین الاقوامی کردار سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان عالمی سطح پر محتسب اداروں کی تنظیموں کا فعال رکن ہے اور ایشیائی محتسب ایسوسی ایشن (AOA) کا بانی اور موجودہ صدر بھی ہے۔
دورے کے اختتام پر انٹرنز نے وفاقی محتسب دفتر کی جانب سے عوامی شکایات کے مؤثر ازالے اور بہتر طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔











