قصورمیں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ سادات منزل قصور سے برآمد

5

قصور,6جولائی(اے پی پی):قصورمیں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ سادات منزل قصور سے برآمد ہوا ‘ ملک بھرکی طرح ضلع قصورمیں بھی نواسہ رسول ﷺ،جگر گوشہ بتول‘شہیدِ کربلاسیدناحضرت امام حسین علیہ السلام کا یوم شہادت مذہبی عقیدت واحترام کیساتھ منایا جارہاہے‘ مجالس کا انعقاد کیاجارہاہے‘تعزیے اورعلم کے جلوس برآمدہورہے ہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر ٹھنڈے مشروبات‘دودھ اور پانی کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں‘یوم عاشورہ کے موقع پر ڈی پی اوقصورمحمدعیسیٰ خاں کی طرف سے سیکورٹی کے فول پروف سخت انتظامات کئے گئے ہیں‘قصور پولیس کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے چا ک وچوبند ہے‘ضلع قصورمیں 2500سے زائد پولیس افسران و اہلکاران اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں‘جلوسوں کو سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹربھی کیاجارہاہے‘میٹرڈیٹیکٹرکی مددسے عزاداروں اور عوام کو سخت چیکنگ کے بعد جلوس میں اندرآنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ اس موقع پرلائسنس ہولڈر مرکزی امام بارگاہ سادات منزل قصورسید وسیم اقدس شمسی نے ”ا ے پی پی“سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ قصورمیں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سیکورٹی کے فول پروف سخت انتظامات کئے گئے ہیں‘ جلوس کو سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرکیاجارہاہے جس پر ہم کمشنرلاہور‘آرپی اوشیخوپورہ ریجن‘ڈپٹی کمشنرقصوراورڈی پی اوقصورکے تہہ دل سے شکر گزارہیں۔انہوں نے بتایا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کا مشن درس ِکربلا‘قربانی اور انسانیت ہے اورہم بالکل اس پر کاربندہے‘ہم بھائی چارے‘رواداری اورپیارومحبت تمام مسالک میں درس دے رہے ہیں اورتبلیغ یہی کر رہے ہیں کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے مشن پرہی ہمیں چلناچاہیے اورجوانہوں نے ہمیں تعلیمات دی ہیں اس پر عملدرآمدکرناچاہیے۔ذوالجناح کا جلوس مرکزی امام بارگاہ سادات منزل قصور سے برآمدہوکر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتاہوا جامع مسجدعلی میں اختتام پذیرہوگا۔