اسلام آباد ، 5 جولائی (اے پی پی ): آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں نویں محرم کا مرکزی جلوس آج برآمد ہورہا ہے ۔ اس سلسلے میں نویں محرم کی ڈیوٹی کے پیش نظر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں ۔ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے محرم کے لیے پورا سال چیزوں کو مد نظر رکھ کر انتظامات کیے ہیں جبکہ تمام دکانوں، گھروں سے سرٹیفیکیٹ لئے جاتے ہیں ۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ ، وزیر مملکت برائے داخلہ سمیت پارلیمانی سیکرٹری کو بریف کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت 41 سو اہلکار ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ نویں محرم کیلئے پانچ ہزار اٹھ سو ٹروپس اس وقت ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، جن میں مرد اور خواتین اہلکار شامل ہیں۔اس کے علاوہ سی ٹی ڈی، انویسٹیگیشن ،سی آئی اے سمیت تمام آپریشنز ڈیوٹی پر موجود ہیں ۔
آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ آج کے دن سترہ جلوس اور چھپن مجالس اسلام آباد میں منعقد ہونگی جبکہ چالیسویں تک 181 جلوس اور 965 مجالس ہونگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی کی سات لیئرز بنائی گئی ہیں جبکہ جامع تلاش کے بعد عوام کو جلوس میں آنے دیا جاتا ہے۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ محرم سے قبل اور شروع کے آٹھ دن سے محنت کر رہے ہیں ، امید ہے پر امن طریقے سے جلوس اختتام پزیر ہو گا۔