محرم الحرام کی مناسبت سے دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں رینجرز اور فوج کا کردار قابل تعریف و ستائش ہے، ڈی آئی جی سکھر

10

سکھر,07جولائی(اے پی پی):ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے اپنے ایک پیغام میں محرم الحرام بالخصوص یومِ عاشور کے دوران غیرمعمولی سیکیورٹی اقدامات پر سکھر رینج پولیس کی تعریف کی گئی ،سکھر رینج پولیس کے تمام افسران و جوان یکم محرم الحرام سے یوم عاشورہ تک شب و روز مستعد و متحرک رہے،مجالس،جلوسوں اور مذہبی تقاریب کے لئے سیکورٹی کلیئرنس سمیت ٹریفک کے مجموعی انتظامات بھی تسلی بخش رہے،ماتمی جلوسوں و مجالس کی سیکیورٹی انتظامات کے لئےجدید ٹیکنالوجی سمیت CCTV کیمراز سے نگرانی اور لوکل انٹیلیجنس کا بھی بھرپور طریقے سے استعمال کیا گیا، سکھر ،خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز ،میونسپل کارپوریشن و دیگر ضلعی انتظامی افسران و ملازمین،پیرا میڈیکل اسٹاف، سیپکو انتظامیہ سمیت سیکورٹی انتظامات کے دوران تمام اسٹیک ہولڈرز کے مکمل تعاون پر شکرگزار ہیں۔ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے مزید کہا کہ محرم الحرام میں سکھر رینج کے تینوں اضلاع میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے حوالے سے امن کمیٹیوں میں شامل تمام مکاتب فکر کے معزز علمائی ، ذاکرین،مشائخ،اکابرین،ذمہ داران کا کردار انتہائی مثبت اور قابل تحسین رہا۔ اور اِن کی جانب سے پولیس کی طرف سے سیکیورٹی انتظامات پر بھرپور اعتماد،تعاون اور اطمینان لائق تحسین ہے۔محرم الحرام کے دوران تمام میڈیا ہاوسز پرنٹ، الیکٹرانک و سوشل میڈیا کی طرف سے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ سمیت امن و امان کے حوالے سے کی گئی کوریج و کردار کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے،محرم الحرام کی مناسبت سے دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں رینجرز اور فوج کا کردار بھی قابل تعریف و ستائش ہے۔