محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ میں ٹیچنگ فیکلٹی کی سمر ویکیشنز سے متعلق اہم اجلاس، مریضوں کی دیکھ بھال اولین ترجیح قرار

1

لاہور، 5 جولائی(اے پی پی): محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ٹیچنگ فیکلٹی کی سمر ویکیشنز سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت عظمت محمود خان، سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی، مختلف میڈیکل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز، ہسپتالوں کے پرنسپلز اور محکمہ صحت کے سینئر افسران نے شرکت کی۔  اجلاس کا مقصد سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال کو متاثر کیے بغیر فیکلٹی کی چھٹیوں کے ممکنہ طریقہ کار کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سمر ویکیشنز کی نوعیت، دورانیہ اور ضرورت پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کی سہولت اور بہتر علاج معالجے کو یقینی بنانے کے لیے اساتذہ کی چھٹیوں کا نظام نئے سرے سے مرتب کرنے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے واضح کیا کہ مریضوں کی دیکھ بھال پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اور اس بنیاد پر کوئی بھی غیر ضروری رخصت منظور نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں شریک تمام وائس چانسلرز سے کہا گیا کہ وہ اس سلسلے میں اپنی تجاویز مرتب کریں اور اگلی میٹنگ میں پیش کریں۔ یہ آئندہ اجلاس سات دن کے اندر متوقع ہے۔ اجلاس میں شریک شخصیات میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر خالد مسعود گوندل، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے پروفیسر احسن وحید راٹھور، یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کیئر کے وائس چانسلر مسعود صادق، ایم ڈی چلڈرن ہسپتال پروفیسر ٹیپو سلطان، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم، پرنسپل جنرل ہسپتال پروفیسر فاروق افضل، اور دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹریز ڈاکٹر محمد وسیم، سدرہ سلیم اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے، جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر مہناز خاکوانی اور فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ظفر چوہدری نے بھی شرکت کی۔