معاشرتی و سیاسی اصلاحات پر ایپکس کمیٹی کی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس، نوجوانوں کو فکری انتشار سے بچانے اور قومی یکجہتی کے فروغ پر زور

19

اسلام آباد، 23جولائی(اے پی پی):وزیراعظم کی ہدایت پر قائم ایپکس کمیٹی برائے معاشرتی و سیاسی اصلاحات کی سٹیرنگ کمیٹی کا پانچواں اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں چاروں صوبوں، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت قانون، پیمرا، نیکٹا، ایچ ای سی اور وزارت منصوبہ بندی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے متعدد اہم تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دور انفارمیشن وارفیئر کا ہے، ہمیں نوجوانوں کو فکری انتشار اور انتہا پسندی سے بچا کر قومی دھارے میں لانا ہوگا۔ اس مقصد کے لیے اقبال کے افکار مشعلِ راہ بن سکتے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ادارے نوجوانوں میں رواداری اور حب الوطنی کو فروغ دینے پر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے ایک تعمیری قومی بیانیہ تشکیل دینا ناگزیر ہے۔

 احسن اقبال نے بتایا کہ حکومت نے 20 غریب ترین اضلاع میں روزگار و معاشی مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے، جبکہ 2013 تا 2018 کے دوران بلوچستان اور سابقہ فاٹا کے 5000 طلبہ کو اسکالرشپس دی گئیں۔

انہوں نے ایچ ای سی کو ہدایت کی کہ بلوچستان کے اسکالرشپ یافتہ طلبہ کو ملکی ترقیاتی عمل میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ پنجاب و اسلام آباد کی جامعات کے وائس چانسلرز سے بھی کہا گیا کہ وہ طلبہ کو قومی دھارے میں لانے کے لیے موثر کردار ادا کریں۔

انہوں نے یومِ آزادی کے موقع پر نوجوانوں میں قومی جذبہ ابھارنے کے لیے خصوصی تقریبات اور پروگرام ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی، اور کہا کہ ڈرامہ سازی صرف تفریح نہیں بلکہ کردار سازی کا مؤثر ذریعہ ہے، جسے معاشرتی اصلاح کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔آخر میں انہوں نے صوبائی حکومتوں کو نیشنل ایکشن پلان کی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔