ملتان ریجن کا محرم الحرام  میں فول پروف سیکیورٹی پلان جاری

6

ملتان،02 جولائی (اے پی پی ): محرم الحرام کے مقدس ایام میں امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے مطابق ہائی ویز پر قائم تمام پٹرولنگ پوسٹس کے بیٹ ایریاز میں مساجد، امام بارگاہوں اور جلوس کے روٹس پر موثر گشت یقینی بنایا جائے گا جبکہ جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے فوری اور بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 اس سلسلے میں محرم الحرام ڈیوٹی کے لیے تعینات افسران و اہلکاروں کو خصوصی بریفنگ دی جا رہی ہے تاکہ موجودہ حالات کے تناظر میں سیکیورٹی کے حساس امور سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

ایس پی سلیم خان نیازی نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں صبر و برداشت اور قربانی کا درس دیتا ہے، علمائے کرام اپنے خطبوں اور تقاریر میں رواداری، اخوت اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیں تاکہ امن و عامہ کی فضا برقرار رہے۔

سیکیورٹی انتظامات کے تحت ڈی ایس پیز اور انچارج پوسٹس اپنے متعلقہ بیٹ ایریاز میں مجالس اور جلوسوں کے مقامات کا دورہ کریں گے، لائسنس داروں سے ملاقات کر کے جلوس کے راستوں، شوری کی سیکیورٹی، پارکنگ اور دیگر انتظامات کا خود معائنہ کریں گے۔

مزید براں ای پولیس ایپ اور ناکہ بندیوں کے ذریعے مشکوک افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل سخت کر دیا گیا ہے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال یا غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1124 پر دی جا سکتی ہے۔

ایس پی سلیم خان نیازی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے ہر غیر قانونی عمل سے گریز کریں اور معاشرے میں امن کے قیام میں پولیس سے بھرپور تعاون کریں ۔

 آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمارے وطن عزیز اور ہم سب کی حفاظت فرمائے۔ آمین۔