ملک بھر میں دانش اسکولز اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس

26

اسلام آباد، 15 جولائی  (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت  منگل کو یہاں اسلام آباد میں ملک بھر میں دانش اسکولز اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر کے حوالے سے پیش رفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیرِ اعظم نے جدید کلاس رومز، ڈیجیٹل سہولیات اور عالمی معیار کی تعلیم کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ دانش یونیورسٹی میں سادہ مگر فعال عمارتوں کے ساتھ ساتھ کلاس رومز کو جدید سافٹ ویئر، ڈیجیٹل آلات، لیبارٹریز اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے تاکہ طلباء کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کی جا سکے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بطور خادم پاکستان وہ قوم کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم و تربیت دینا اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، خالد مقبول صدیقی، چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، چیف کوارڈینیٹر مشرف زیدی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ اسلام آباد کے علاقے کُری میں دانش اسکول کی تعمیر رواں برس کے اختتام تک مکمل ہو جائے گی۔ گلگت بلتستان کے سلطان آباد، گھانچے اور استور، اور آزاد کشمیر کے باغ، بھمبر اور شاردہ نیلم میں بھی تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔

بلوچستان کے اضلاع سبی، موسی خیل، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور ڈیرہ بگٹی میں دانش اسکولز کی تعمیر کے منصوبے منظور ہو چکے ہیں جبکہ حب، چترال، کراچی اور ٹنڈو محمد خان میں منصوبہ بندی اور زمین کا انتخاب مکمل ہو چکا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ دانش یونیورسٹی کا ٹیکنو-فیزیبلٹی پلان جولائی کے اختتام تک مکمل کیا جائے گا، جبکہ 12 بین الاقوامی تعمیراتی فرموں میں سے 7 نے درکار معیار پر پورا اترنے کے بعد ڈیزائن اور تعمیر کے عمل کو حتمی شکل دینا شروع کر دی ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ اساتذہ اور عملے کی بھرتی میں شفافیت اور میرٹ کو مرکزی حیثیت دی جائے اور انہیں بہترین مراعات دی جائیں تاکہ تعلیم کے شعبے میں اعلیٰ کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تعمیراتی رفتار مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں دانش اسکولز کا بویا گیا پودا آج ایک تناور درخت بن چکا ہے جہاں سے فارغ التحصیل غریب اور متوسط طبقے کے طلباء دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پورے ملک میں دانش اسکولز کے قیام سے ہزاروں بچے مستفید ہوں گے اور وہ ہر طبقے کے لیے معیاری تعلیم و تربیت کی یکساں فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کوشاں رہیں گے۔