اسلام آباد، 5 جولائی (اے پی پی ): کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی جانب سے دی گئی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں 9 محرم الحرام آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔آج نویں محرم کو ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں مجالس اور شبیہ علم و ذوالجناح کے جلوس برآمد ہورہے ہیں، علمائے کرام اور ذاکرین حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے جبکہ مجالس ، نیاز اور سبیلوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے ۔
اسلام آباد کے جی-6 سیکٹر میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نکالا جا رہا ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس سید علی ناصر رضوی کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں 9 ویں محرم کے مرکزی جلوس کے لیےسکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ جلوس میں صرف دو مخصوص راستوں سے پیدل داخلے کی اجازت ہوگی، مختص راستوں کے علاوہ کسی بھی فرد کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ جلوس کے داخلی راستوں پر جدید سکینرز نصب کر دیے گئے ہیں ۔ 3000 سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، جب کہ تمام افسران بھی جلوس میں موجود رہیں گے۔
مرکزی جلوس کے روٹ کی نگرانی سیف سٹی کنٹرول روم اور موبائل کنٹرول رومز کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ ہر لمحے کی معلومات فوری دستیاب ہوں ۔داخلی راستوں پر چیکنگ، واک تھرو گیٹس، اسکینرز اور کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو سہولت مل سکے-اس کے علاوہ ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں جلوسوں کی سکیورٹی فول پروف بنائی گئی ہے۔