نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور ان کی مثبت صلاحیتوں کو بروئے کار لانا پائیدار امن و ترقی کی ضمانت ہے، گورنر خیبر پختونخوا

20

اسلام آباد۔23جولائی  (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور ان کی مثبت صلاحیتوں کو بروئے کار لانا پائیدار امن و ترقی کی ضمانت ہے،خیبر پختونخوا  انتہا پسندی کے بدترین اثرات کا شکار رہا ہے، یہاں نوجوانوں کے لئے اختراعی سوچ، بین المذاہب ہم آہنگی اور شہری شراکت داری کے مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے فلیگ شپ منصوبہ “یوتھ انگیجمنٹ اینڈ ریزیلینس انیشی ایٹو کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ایچ آر ڈی این  کی سی ای او روبیلہ بنگش، یورپی یونین، نیکٹا اور یو این او ڈی سی کے نمائندوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے منصوبے کو ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں معاون ثابت ہوا ہے بلکہ اس نے پاکستان میں سماجی ہم آہنگی اور انتہا پسندی کے خاتمے کی کوششوں کو تقویت بخشی ہے۔ انہوں نے منصوبے پر عملدرآمد کرنے والے ادارے “ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (ایچ آر ڈی این)” کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے ایک ایسی تحریک قرار دیا جس نے نوجوانوں کو قیادت، ہم آہنگی اور امن کے فروغ میں متحرک کردار ادا کرنے کے قابل بنایا۔گورنر نے یورپی یونین، نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی ) کی معاونت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان اداروں کا تعاون نوجوانوں کی فلاح اور امن کے فروغ کے لئے قابلِ تحسین ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے سوات، تربت، میرپور خاص اور بہاولپور سے تعلق رکھنے والے یوتھ چیمپیئنز کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ اگر انہیں صحیح رہنمائی، مواقع اور پلیٹ فارمز مہیا کئے جائیں تو وہ مثبت تبدیلی کے سفیر بن سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے میں خواتین اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی شرکت اس پیغام کا اظہار ہے کہ حقیقی امن صرف برابری، شمولیت اور نمائندگی کے ذریعے ممکن ہے