اسلام آباد، 23جولائی(اے پی پی):مملکت نیدرلینڈز کی پاکستان میں سفیر ہینی فوکل ڈی فریز نے اپنی سفارتی مدت مکمل ہونے پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے الوداعی ملاقات کی۔
وفاقی وزیر نے سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی تعاون کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں انسانی حقوق کے فروغ اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ڈی فریز کی خدمات کو قابلِ قدر قرار دیا۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے آئینِ پاکستان اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے تحت انسانی حقوق کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، اور ملک میں عدم برداشت کے رجحانات سے نمٹنے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔