اسلام آباد، 23 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ریاستی ملکیتی اداروں (SOEs) کی نجکاری کے عمل پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ خسارے میں چلنے والے قومی اداروں کی نجکاری ملکی معیشت کی بہتری اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل کو مؤثر، جامع اور تیزرفتاری سے انجام دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ منتخب اداروں کی نجکاری میں تمام قانونی مراحل اور شفافیت کے تقاضے پورے کیے جائیں تاکہ قومی اعتماد برقرار رہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجکاری کمیشن قانونی، مالیاتی اور شعبہ جاتی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب اداروں کی مرحلہ وار نجکاری پر عملدرآمد کر رہا ہے۔ یہ عمل کابینہ سے منظور شدہ پروگرام کے تحت مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری کمیشن کی پیش رفت کی وہ خود باقاعدگی سے نگرانی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجکاری کے مراحل اور اداروں کی تشکیل نو میں پیشہ ور ماہرین کی مشاورت اور بین الاقوامی معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی آئی اے، بجلی کی ترسیل کار کمپنیز (ڈسکوز) سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کو معاشی، ادارہ جاتی اور انتظامی اہداف کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔