اسلام آباد،30جون(اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے شعبہ سیاحت میں زر مبادلہ کمانے کی لا محدود استعداد موجود ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی وسائل اور لازوال خوبصورتی سے نوازا ہے۔ پاکستان کو ایک ٹورزم برانڈ کے طور پر بیرون ملک متعارف کروایا جائے۔انہوں نے کہا کہ شمالی علاقوں میں برف پوش پہاڑ، جنگلات، دریا، حتی کہ میدان اور ریگستانی علاقے اور ایسے دیگر قدرتی وسائل کی بدولت ہمارا ملک دنیا میں کسی بھی ملک سے سیاحت کے ضمن میں کم نہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں شعبہ سیاحت کی استعداد کو بروئے کار لانے کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے شمالی علاقوں جیسے سیاحتی مقامات کی تشہیر، میڈیکل ٹورزم اور دیگر اقدامات لیے جا سکتے ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان ٹورزم ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (پی ٹی ڈی سی) کو ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے فوری عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے تعاون سے پورے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں اور سیاحت کے فروغ کے لئے خصوصی ٹورزم زون بنائے جائیں۔بین الاقوامی سیاحوں کی پاکستان کے سیاحتی مقام پر آمدورفت کو سہل بنانے کے لئے پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر مل کر کام کریں۔ اندرون ملک سیاحت اور ملکی سیاحوں کی تفریحی مقامات پر آمد کے لیئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ ٹورازم سیکٹر میں مستقل سرمایہ کاری کے حوالے سے منصوبہ بندی کی جائے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملکی ترقی کے ویژن کے تحت پاکستان کو دنیا کے اولین سیاحتی مراکز کی فہرست میں شامل کریں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وفاقی وزیر برائے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان انجنئیر امیر مقام، وزیر قومی ورثہ اورنگزیب کھچی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، معاون خصوصی حذیفہ رحمان اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔











