وزیراعظم نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو بین الاقوامی معیار کی کمپنی بنانے کیلئے جامع منصوبہ طلب کرلیا

3

اسلام آباد، 10 جولائی 2025 (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیمِ نو، اصلاحات، کارکردگی کے جائزے اور اسے بین الاقوامی معیار کی شپنگ کمپنی بنانے پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے شپنگ شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، اس لیے نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت دی کہ بحری جہازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور پاکستان میں کارگو کی آمد و رفت کیلئے مسابقتی بنیادوں پر پی این ایس سی کے جہازوں کے استعمال کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی این ایس سی کو عالمی معیار کی شپنگ کمپنی بنانے کیلئے شعبے کے ماہرین و کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ نیشنل شپنگ کارپوریشن کی اصلاحات سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ مقامی سی فیئررز کیلئے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، جنید انور چوہدری اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو نیشنل شپنگ کارپوریشن میں موجودہ بحری جہازوں کی تعداد، پاکستان میں سالانہ کارگو کی آمد و رفت اور پی این ایس سی کی مستقبل کی توسیع سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔