وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات

17

 خان کندی، آذربائیجان، 4 جولائی ( اے پی پی): اقتصادی تعاون تنظیم کے 17ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علییف کے ساتھ دو طرفہ ملاقات ہوئی۔

  وزیراعظم نے 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کی مثالی میزبانی پر آذربائیجان کے صدر کو مبارکباد دی اور حالیہ دورے آذربائیجان کے دوران پاکستانی وفد کی شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

 وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران پاکستان کو آذربائیجان کی جانب سے دی جانے والی مستقل حمایت پر صدر الہام کا شکریہ ادا کیا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بھی مشکل وقت میں آذربائیجان کی مسلسل حمایت کی ہے۔

 دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کے امکانات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔