وزیراعظم کی ازبکستان کے صدر سے ملاقات

2

خانکندی، آذربائیجان: 4 جولائی(اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف سے آذربائیجان کے شہر خانکندی میں 17ویں ای سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات  کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطحوں پر جاری مضبوط تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 وزیرِ اعظم اور ازبک صدر نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، تہذیبی اور تاریخی تعلقات پر زور دیا جو متعدد شعبوں میں مضبوط شراکت داری کی ٹھوس بنیاد فراہم کرتے ہیں۔  دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری، باہمی روابط، توانائی، علاقائی سلامتی، ثقافت اور عوامی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

 ملاقات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے علاقائی روابط کے منصوبوں، خاص طور پر ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی اہمیت پر زور دیا۔  اس مقصد کے لیے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ازبک صدر نے  معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے اپنے سینئر وزراء کے تاشقند اور اسلام آباد کے دوروں پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعاون کو مزید گہرا اور متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی باہمی نقطہ نظر کا تبادلہ کیا۔