وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

19

اسلام آباد، 30 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت وزارتِ صنعت و پیداوار میں انسولین کی درآمد اور مقامی تیاری سے متعلق ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں روسی حکومت کے نمائندے ڈینس نازاروف، سیکریٹری وزارتِ صنعت و پیداوار، وزارتِ صحت، اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران روس سے انسولین کی درآمد، دوطرفہ مشترکہ منصوبوں، اور پالیسی بورڈ کے پروٹوکولز پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ ہارون اختر خان نے بتایا کہ DRAP نے روسی کمپنی زاوود میڈوسنٹیز سے انسولین درآمد کے لیے جینیٹکس فارماسیوٹیکلز، لاہور کو رجسٹریشن جاری کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان فارماسیوٹیکل شعبے میں جوائنٹ وینچر، دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ پاکستان انسولین کا بڑا صارف ہے اور روس سے درآمد کی جانے والی ہفتہ وار انسولین پاکستانی مریضوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔

ہارون اختر خان نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق ملک میں انسولین کی مقامی سطح پر تیاری کے منصوبے پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے مقامی مینوفیکچررز اور روسی کمپنیوں کا مشترکہ پروٹوکول بھی جلد پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ انسولین کی فراہمی اور تیاری سے متعلق ایک جامع تجویز کابینہ میں پیشی سے قبل مکمل کی جائے تاکہ منصوبے پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔