وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی پر اجلاس

3

اسلام آباد، یکم جولائی(اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت نیشنل الیکٹرک وہیکل (NEV) پالیسی پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن اور انشورنس کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں 100 ارب روپے کے سبسڈی پیکج پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا 100 ارب روپے کی سبسڈی کا ویژن عوام اور ماحول دونوں کے لیے فائدہ مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل پالیسی سے سموگ اور فضائی آلودگی کو ختم کیا جا سکتا ہے جبکہ اس پالیسی کے تحت اربوں ڈالر کے تیل کے درآمدی بل میں بھی کمی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی سے فضائی آلودگی کم ہوگی اور ملک میں صاف ستھرا ماحول میسر آئے گا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ ہمارا عزم اسموگ سے پاک، آلودگی سے پاک، خوشحال پاکستان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پالیسی کے تحت عوام کی سہولت کے لیے ملک بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔