لاہور،15جولائی(اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے منگل کے روز ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے مون سون کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے کئے گئے موثر اور بروقت اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کر رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہر طبقہ مطمئن نظر آتا ہے۔ملک محمد احمد خان نے مہنگائی، تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خاتمے کے لیے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے قیام کو حکومت کا انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “پیرا جیسے شاندار ادارے کے قیام سے عام آدمی کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔”وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر فرد کی فلاح میری ترجیح ہے اور یہی سوچ ہر حکومتی فیصلے کی بنیاد ہے۔ عوام کو بنیادی سہولیات تک با آسانی رسائی فراہم کرنا میرا نصب العین ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کا مرکز صرف لاہور یا بڑے شہر نہیں بلکہ پنجاب کے ہر پسماندہ اور دور دراز علاقے کو ترقیاتی دھارے میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ حقیقی معنوں میں مساوی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں مستقبل میں عوامی خدمت کے سفر کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔











