وزیرِ اعظم سے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ملاقات، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر مکمل سرکاری تعاون کی یقین دہانی

9

اسلام آباد، 25 جولائی (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے معروف ماہر تعلیم اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی، جس میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیرِ اعظم نے اس موقع پر واضح کیا کہ حکومت پاکستان ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں کسی طور غافل نہیں اور اس اہم انسانی مسئلے کو مسلسل ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جا نب سے ماضی میں بھی اس معاملے پر سفارتی اور قانونی مدد فراہم کی جاتی رہی ہے۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو یقین دہانی کراتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت آئندہ بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے میں ہر ممکنہ قانونی و سفارتی معاونت فراہم کرے گی۔

وزیرِ اعظم نے بتایا کہ وہ ماضی میں امریکی صدر جو بائیڈن کو براہ راست خط بھی ارسال کر چکے ہیں تاکہ اس مسئلے پر پیش رفت ممکن ہو سکے۔ مزید برآں، وزیرِ اعظم نے اس ضمن میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کی سربراہی وفاقی وزیرِ قانون و انصاف، اعظم نذیر تارڑ کریں گے۔

یہ کمیٹی نہ صرف ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے مسلسل رابطے میں رہے گی بلکہ اس معاملے میں درکار معاونت اور پیش رفت کے لیے عملی اقدامات بھی کرے گی۔