وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ایف بی آر میں جدید ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی منظوری ، عالمی ماہرین کی خدمات لینے کی ہدایت

7

اسلام آباد، 26 جولائی ( اے پی پی):  وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں عالمی معیار کے جدید ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تشکیل کی منظوری دے دی ہے، اور اس سلسلے میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایف بی آر کی اصلاحات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےوزیر اعظم نے کہا کہ صرف ڈیجیٹائزیشن کافی نہیں، بلکہ ایک مکمل اور مربوط ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی ضرورت ہے جو خام مال کی تیاری، درآمد، مصنوعات کی مینوفیکچرنگ اور صارف کی خریداری تک کے تمام مراحل کو ایک ہی نظام سے منسلک کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یہ نظام اس قدر مؤثر اور جامع ہو کہ پوری ویلیو چین کی رئیل ٹائم ڈیجیٹل نگرانی ممکن ہو۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے مثبت اثرات ملکی معیشت پر نمایاں ہو رہے ہیں اور یہ اصلاحات معیشت کو درست سمت میں لے جا رہی ہیں۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ اس جدید نظام کے ذریعے حاصل شدہ مرکزی ڈیٹا کو معاشی اسٹریٹجک فیصلہ سازی میں استعمال کیا جائے، تاکہ پالیسی سازی کے عمل میں سائنسی اور ڈیٹا بیسڈ فیصلے ممکن ہوں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹیکس بیس میں اضافے اور غیر رسمی معیشت کے خاتمے کے بغیر عام آدمی پر ٹیکس کا بوجھ کم نہیں کیا جا سکتا۔ ٹیکس اصلاحات کا مقصد صرف ریونیو بڑھانا نہیں بلکہ ایک منصفانہ اور شفاف نظام قائم کرنا ہے۔

اجلاس کو ایف بی آر کے ڈیٹا کو ایک مرکزی نظام میں لانے اور پوری ویلیو چین کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے جدید ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی تیاری پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔