شوشا، قرہ باغ(آذربائیجان )۔4جولائی(اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنا دو روزہ دورہءِ آذربائیجان مکمل کرکے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئے،فذولی ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے وزیرِ تعلیم و سائنس امین امر اللائیف، آذربائیجان کے پاکستان میں سفیر خضر فرہادوف، پاکستان کے آذربائجان میں سفیر قاسم محی الدین اور اعلی سفارتی و حکومتی اہلکاروں نے وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔
وزیرِ اعظم نے اپنے دورے کے دوران خانکندی میں منعقدہ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور عالمی و علاقائی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ وزیرِ اعظم نے علاقائی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، پائیدار ترقی اور علاقائی امن کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔وزیرِ اعظم کی موجودگی میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین 2 ارب ڈالر کی پاکستان کے اقتصادی شعبے میں آذری سرمایہ کاری کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔
وزیرِ اعظم کی اس موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان، آذربائیجان کے صدر الہام علییف، ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ملاقاتوں میں علاقائی امن، پاکستان کے ان ممالک کے ساتھ باہمی روابط اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔