اسلام آباد، 8 جولائی ( اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی شعبے کی کارکردگی اور جاری اصلاحات پر اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں زرعی شعبے پر قائم ٹاسک فورس کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم نے زرعی پیداوار میں اضافے، ویلیو ایڈیشن، اور زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کو حکومت کی اولین ترجیحات قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو جامع لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ جدید زرعی مشینری، معیاری بیج، فصلوں کی جغرافیائی منصوبہ بندی، اور کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی جیسے اقدامات پر قلیل و طویل مدتی حکمت عملی مرتب کی جائے۔
وزیرِ اعظم نے زرعی تحقیقی مراکز کو مزید فعال بنانے، ان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید تحقیق کو فروغ دینے، اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین سے استفادہ حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال زرعی شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لا سکتا ہے۔زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدی اشیاء کی تیاری اور چھوٹے و درمیانے درجے کی زرعی صنعت کے فروغ کیلئے بھی اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت دی گئی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ منافع بخش فصلوں کی کاشت اور ملک کو غذائی تحفظ میں خود کفیل بنانے کیلئے کسانوں کو مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔
انہوں نے کسانوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی عمل کو یقینی بنانے اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ روابط کو مزید مربوط بنانے کی بھی ہدایت کی۔