وزیرِ اعظم کے مشیر برائے نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی کی زیر صدارت نجکاری کمیشن  کے بورڈ کا 236واں اجلاس

1

اسلام آباد، 3 جولائی ) اے پی پی): نجکاری کمیشن کے بورڈ کا 236واں اجلاس آج مشیرِ وزیرِ اعظم برائے نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈکی نجکاری کے لیے فنانشل ایڈوائزرز کی تقرری کی منظوری دی گئی۔

مسابقتی اور شفاف انتخابی عمل کے بعد بورڈ نے زیڈ ٹی بی ایل کے ٹرانزیکشن کے لیے نیکسٹ کیپیٹل لمیٹڈ کی قیادت میں فنانشل ایڈوائزرز (FA) کے ایک کنسورشیم کی تقرری کی منظوری دی۔ کنسورشیم کے دیگر اراکین میں اعجاز احمد اینڈ ایسوسی ایٹس (قانونی مشاورت)، بیکر ٹلی محمود ادریس قمر (اکاؤنٹنگ و ٹیکس)، ایگزیکٹوز نیٹ ورک انٹرنیشنل (ای این آئی – ہیومن ریسورس)، برج پبلک ریلیشنز (میڈیا)، سیولز پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ (ریئل اسٹیٹ ویلیوایشن)، اور پریما گلوبل کنسلٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ (ایکچوئری) شامل ہیں۔

یہ کنسورشیم تکنیکی و مالی درجہ بندی میں سب سے آگے رہا، جبکہ دیگر پانچ کنسورشیمز کی قیادت عارف حبیب لمیٹڈ، اے ایف فرگوسن، اے کے ڈی سیکیورٹیز لمیٹڈ، برج فیکٹر، اور جے ایس بینک کر رہے تھے۔

بورڈ نے منتخب کنسورشیم کے ساتھ فنانشل ایڈوائزری سروسز ایگریمنٹ( ایف اے ایس اے) کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی۔

یہ پیشرفت حکومت کے جاری نجکاری پروگرام میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ نجکاری کمیشن مؤثر عمل، نجی شعبے کی شمولیت میں اضافے اور مالیاتی شعبے میں اصلاحات کو فروغ دینے کے لیے کلیدی ٹرانزیکشنز کو بھرپور طریقے سے آگے بڑھا رہا ہے۔

زیڈ ٹی بی ایل ان اہم اداروں میں شامل ہے جنہیں موجودہ نجکاری پروگرام میں ترجیح دی گئی ہے۔ اعلیٰ سطح کے فنانشل ایڈوائزرز کی تقرری حکومت کے اس عزم کو ظاہر کرتی ہے کہ نجکاری کا عمل پیشہ ورانہ، شفاف اور بروقت انداز میں مکمل کیا جائے گا۔