وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا ایران کے سفارتخانے کا دورہ

1

 اسلام آباد،1جولائی  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور ایران کے ساتھ پاکستان کی ہمدردی اور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے ایران کے خلاف حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران شہید اور زخمی ہونے والوں کے لئےایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔

 وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے منگل کو اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور ایرانی سفارتخانے کی جانب  سے ایران کے خلاف حالیہ اسرائیلی جارحیت کے دوران شہید اور زخمی ہونے والے ایرانیوں کی یاد میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اعظم کے مشیر طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔سفارتخانے آمد پر پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور سفارتخانہ کے سینئر ارکان   نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔وزیر اعظم  نے اس مشکل وقت میں ایران کے ساتھ پاکستان کی ہمدردی اور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے ایران کے عوام اور حکومت کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایرانی قوم کی استقامت اور حوصلے کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہید ہونے والوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ایران کو پاکستان کی مسلسل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے وزیراعظم نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔