اسلام آباد، 04 جولائی (اے پی پی): چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی، جن میں سیکرٹری انٹر پروونشل کوآرڈینیشن (IPC) محی الدین وانی، سیکرٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن محمد خالد محمود، صوبائی ڈی جی اسپورٹس، ہائیر ایجوکیشن کمیشن(HEC)، نیوٹیک (NAVTTC) اور دیگر متعلقہ ادارے شامل تھے۔
اجلاس میں پاکستان میں پہلی بار نیشنل یوتھ گیمز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے اشتراک سے اور وزارت بین الصوبائی رابطہ (IPC) کی حمایت سے منعقد کی جائیں گی۔
یہ نیشنل یوتھ گیمز 14 سے 17 سال کے نوجوان کھلاڑیوں کو ایک مخصوص اور معیاری پلیٹ فارم فراہم کریں گی، جن میں 15 سے زائد کھیلوں کے شعبے شامل ہوں گے۔ گیمز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق منعقد کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے تاکہ نوجوان ٹیلنٹ کو ابھرنے کا موقع دیا جا سکے اور پاکستان کے مستقبل کے چیمپئنز کو پروان چڑھایا جا سکے۔
یہ اقدام پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قومی و بین الاقوامی سطح پر کھیلوں میں ان کی بھرپور نمائندگی کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔