کراچی ,31 جولائی) اے پی پی): وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سندھ اور برطانیہ کے درمیان معاشی، سماجی اور انفراسٹرکچر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
برطانوی وفد نے سید مراد علی شاہ کو مسلسل تیسری مدت پر مبارکباد دی اور صوبے میں جاری ترقیاتی اقدامات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبے میں انفراسٹرکچر، نکاسیٔ آب، پانی کی فراہمی، توانائی اور اسپیشل اکنامک زونز پر کام جاری ہے، جبکہ فلڈ ریلیف اور سیلابی نقصانات کی بحالی کے منصوبے بھی ترجیحات میں شامل ہیں۔
برطانوی ایف سی ڈی او نے سندھ میں ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور اسپیشل اکنامک زونز کے لیے مالی و تکنیکی معاونت فراہم کی ہے۔ آئندہ تعاون میں تعلیم، صحت، خواتین بااختیار بنانے اور ڈیجیٹل سسٹمز کی ترقی شامل ہوگی۔