لاہور، 6 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے محرم الحرام کے دوران اندرون لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جلوسوں کے روٹس پر نکاسی آب اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈی جی واسا طیب فرید اور ایم ڈی واسا غفران احمد بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وزیر ہاؤسنگ نے ڈپٹی کمشنر آفس لاہور میں قائم مانیٹرنگ روم کا بھی معائنہ کیا جہاں ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا، ایس پی سٹی، اے ڈی سی ہیڈکوارٹر اور کنٹرول روم کے انچارج افسران موجود تھے۔
ڈی سی لاہور کے مطابق 10 محرم کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی اور نگرانی کے لیے شہر بھر میں نصب 1585 کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بہترین مانیٹرنگ اور انتظامات پر ڈی سی لاہور اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے مانیٹرنگ روم میں موجود کیمروں کی مدد سے یوم عاشور کے جلوسوں کے راستوں پر کیے گئے انتظامات کا خود بھی جائزہ لیا۔
بعد ازاں صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر زائرین اور راہگیروں میں خصوصی لنگر بھی تقسیم کیا۔ بلال یاسین نے کہا کہ پنجاب بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ جلوسوں اور مجالس میں شرکت کرنے والوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خود تمام انتظامات کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔
وزیر ہاؤسنگ کے مطابق ضلعی انتظامیہ، سیف سٹی اتھارٹی اور محکمہ داخلہ کے کنٹرول رومز سے بھی صورت حال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام صوبائی وزراء اور اعلیٰ افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور انتظامات کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔