وفاقی حکومت ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور مسلسل اقدامات کر رہی ہے، سید عمران احمد شاہ

7

پشاور، 24 جولائی )اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے بی آئی ایس پی کے ریجنل آفس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے ملک گیر دوروں کے آغاز کا اعلان پشاور سے کرتے ہوئے کہا، “میرے ان دوروں کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت اور پسماندہ طبقے کی آواز بننا ہے۔ ہم صحیح معنوں میں عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور کرپشن کا راستہ روکنے کے لیے پرعزم ہیں۔

سید عمران احمد شاہ نے بتایا کہ حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے لیے 716 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے تاکہ ملک بھر میں غربت کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق، “ہم ان علاقوں کو ترجیح دیں گے جو پسماندگی کا شکار ہیں، اور جہاں حالیہ سیلابوں نے شدید نقصان پہنچایا، خاص طور پر خیبرپختونخوا میں۔

وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ اگلے مرحلے میں بلوچستان کا دورہ کیا جائے گا تاکہ وہاں کے مسائل کا براہِ راست مشاہدہ کیا جا سکے اور فوری حل تجویز کیے جائیں۔

انہوں نے نوجوانوں کی فلاح کے لیے ہنر مندی کے پروگراموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا، “ہم اپنے بچوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت دے رہے ہیں تاکہ وہ خود کفیل ہو سکیں اور بیرون ملک بھی ملازمتوں کے حصول میں کامیاب ہوں۔

آخر میں سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ عوام کو غربت کے چنگل سے نکالنے کے لیے حکومت کے عملی اقدامات جاری ہیں اور مختص بجٹ کو خالصتاً فلاحی مقاصد پر خرچ کیا جا رہا ہے۔