وفاقی وزیرداخلہ کا دورہ ِ بحرین ،سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

24

‎منامہ ، 12  جولائی ( اے پی پی):    وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ایک روزہ سرکاری دورے پر بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچ گئے۔ بحرین انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بحرین کے وزیرداخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

‎منامہ فورٹ میں واقع بحرینی وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹر آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

‎بعد ازاں، پاکستانی اور بحرینی وزرائے داخلہ کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ سیکیورٹی تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی و عالمی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

‎ملاقات میں انسداد دہشتگردی، انسانی سمگلنگ کی روک تھام، اور منشیات کے خلاف مشترکہ اقدامات پر تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے بحرین-پاکستان مشترکہ سیکیورٹی کمیٹی کے کردار کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔بحرین کے وزیر داخلہ نے دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اور ہم آہنگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی کا یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط تعلقات پر مبنی سیکیورٹی روابط کو مزید مستحکم کرنے کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحرین، پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

‎وزیرداخلہ محسن نقوی نے انسداد منشیات اور انسانی سمگلنگ کے خلاف اقدامات کے لیے دونوں وزارتوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے بحرینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔دورے کے اختتام پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے بحرینی وزارت داخلہ میں رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔