وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت این-25 ایکسپریس وے منصوبے پر پیش رفت سے متعلق اجلاس

13

اسلام آباد،01 جولائی )اے پی پی ): وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت این-25 ایکسپریس وے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

این ایچ اے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ این-25 ایکسپریس وے کی تعمیر چار مراحل میں جاری ہے، جبکہ جیوا تا سوراب 51 کلومیٹر طویل سڑک کا 68 فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے ہدایت کی کہ تمام ضروری قانونی اور انتظامی کارروائیاں فوری طور پر مکمل کی جائیں، اور منصوبے کی سنگ بنیاد کی تقریب 14 اگست 2025 کو منعقد کی جائے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ ایکسپریس وے کے دونوں اطراف جدید سروس ایریاز تعمیر کیے جائیں، جن میں ریسٹ ایریاز، فیول پمپس، ریستوران، ورکشاپس اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ سروس ایریاز کے مقامات کے تعین کے لیے ٹرک کمپنیوں سے مشاورت کی جائے۔

احسن اقبال نے مزدوروں کے تحفظ کے لیے خصوصی سیکیورٹی فورس مختص کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ این-85 منصوبے کے دوران ایف ڈبلیو او کے 42 اہلکار شہید ہوئے تھے، اس لیے این-25 پر کام کرنے والے عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ این-25 منصوبہ سندھ اور بلوچستان کے درمیان ایک اہم مواصلاتی رابطہ فراہم کرے گا اور یہ ایران و افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیا تک رسائی کا ممکنہ گیٹ وے بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ این-25 منصوبے کی تکمیل بلوچستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کی راہ ہموار کرے گی اور یہ منصوبہ اگست 2027 تک مکمل کیا جائے گا۔