اسلام آباد، 4 جولائی )اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں قابل اور باصلاحیت افراد کو متوجہ کرنے کے لیے تنخواہوں کے ڈھانچے میں اصلاحات سے متعلق ٹاسک فورس کا چھٹا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سرکاری جامعات میں تنخواہوں کے موجودہ نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اور مالی طور پر پائیدار بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ایچ ای سی، وزارت منصوبہ بندی، صوبائی ہائر ایجوکیشن اور فنانس محکموں کے اعلیٰ حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ایچ ای سی نے اجلاس کو بتایا کہ جامعات کو مالی مشکلات اور باصلاحیت اساتذہ کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے کیونکہ موجودہ تنخواہیں مسابقتی نہیں رہیں۔وفاقی وزیر نے ٹاسک فورس کے بنیادی مقصد کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایسا پائیدار اور مسابقتی نظام وضع کیا جائے جو تعلیم و تحقیق کے معیار کو بہتر بنائے اور عالمی سطح کے ماہرین کو راغب کرے۔
انہوں نے ایچ ای سی کو ہدایت کی کہ موجودہ نظام کی خامیوں، اساتذہ کی روانگی کے رجحانات اور دیگر اعداد و شمار پر مبنی ایک جامع رپورٹ تیار کی جائے جس میں اصلاحات کے لیے واضح سفارشات اور قابلِ عمل اقدامات شامل ہوں۔