اسلام آباد، 24 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی لاہور کے درمیان قائم ہونے والے باہمی اشتراک پر بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے اس اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی دنیا کی صف اول کی یونیورسٹیوں میں شمار ہوتی ہے، اور اس کا کسی پاکستانی تعلیمی ادارے کے ساتھ اشتراک ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے پاکستانی طلبہ کو ٹیکنالوجی اور دیگر جدید شعبہ جات میں عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
احد چیمہ نے اس موقع پر کہا کہ کوشش ہوگی کہ ایریزونا سٹیٹ یونیورسٹی جیسے دیگر بین الاقوامی تعلیمی ادارے بھی پاکستان آئیں تاکہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کے بہتر مستقبل کا دارومدار جدید ٹیکنالوجی اور معیاری تعلیم پر ہے۔ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کو مزید فعال اور مؤثر ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات کے اختتام پر وفد نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کو ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس سلسلے میں مسلسل تعاون فراہم کرنے پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔