اسلام آباد، 23 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے عالمی بینک کے نائب صدر عثمان ڈیون نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ عثمان ڈیون عالمی بینک کے مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان (MENAAP) ریجن کے نائب صدر ہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان کنٹری شراکت داری فریم ورک (Country Partnership Framework – CPF) پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر احد چیمہ نے اس موقع پر پاکستان کو MENAAP ریجن میں شامل کرنے کے عالمی بینک کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ “یہ ایک درست اور بروقت فیصلہ ہے جو پاکستان کی خطے میں معاشی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان CPF پر عملدرآمد کے لیے ایک جامع اور مربوط حکمت عملی کے تحت آگے بڑھے گی اور عالمی بینک کے کنٹری آفس کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کیا جا رہا ہے۔
احد چیمہ نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے عمل میں عالمی بینک کا تعاون قابل تحسین ہے اور حکومت پاکستان عالمی بینک کی قیادت کی غیر متزلزل حمایت پر ان کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں کے تعاون سے CPF کو مؤثر انداز میں نافذ کرے گی۔
عالمی بینک کے نائب صدر عثمان ڈیون نے کہا کہ ان کا ادارہ پاکستان کو معاشی سطح پر مکمل معاونت فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ CPF اور اقتصادی اصلاحات کے میدان میں حکومت پاکستان کی جانب سے اب تک کیے گئے اقدامات لائق تحسین ہیں۔
یہ ملاقات پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان مستقبل میں اقتصادی تعاون اور ترقیاتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔