وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے پاکستان میں تعینات عمان کے سفیر کی ملاقات

30

اسلام آباد، 03 جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے پاکستان میں تعینات عمان کے سفیر نے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ بحری تعاون، سرمایہ کاری کے امکانات اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان بحری شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں اور دونوں ممالک جدید بندرگاہی انتظام، ساحلی ترقی، تربیت، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی شراکت داری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمان کی بندرگاہی مہارت سے استفادہ پاکستان کے بحری شعبے کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔

عمانی سفیر نے گوادر بندرگاہ میں کاروباری سرگرمیوں میں دلچسپی کا اظہار کیا اور تجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی پیشکش کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے بحری وژن کی ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر عمانی طلباء کے لیے پاکستان میرین اکیڈمی میں داخلوں کا اعلان بھی کیا۔ عمانی سفیر نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے دو طرفہ تعلیمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ پاکستان میرین اکیڈمی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ اسے ایک بین الاقوامی معیار کا تعلیمی ادارہ بنایا جا سکے۔