اسلام آباد، 30 جولائی (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت، اورنگزیب خان کھچی نے پاک چین فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے زیر اہتمام منعقدہ میڈ ہیلتھ ایکسپو اور سمٹ کا دورہ کیا۔وفاقی وزیر نے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور فارماسیوٹیکل اور میڈیکل شعبے سے متعلق مصنوعات کو سراہا۔ انہوں نے آر سی سی آئی کے تجارتی سرگرمیوں اور بالخصوص صحت اور فارما سیکٹر کے فروغ میں اہم کردار کی تعریف کی۔ اس موقع پر آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت، سینئر نائب صدر خالد فاروق قاضی، نائب صدر فہد برلاس اور ایگزیکٹو ممبران نے وزیر کا پرجوش استقبال کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے آر سی سی آئی کو کامیاب نمائش کے انعقاد پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کی کمپنیاں اپنی محنت سے ترقی کی راہ پر گامزن ہیں اور ان کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فارما انڈسٹری کو عالمی معیار کے مطابق فروغ دینے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے،آنے والے چند برسوں میں پاکستان کی صنعت عالمی سطح پر قیادت کرے گی اور عوام کو حکومتی منصوبوں سے بھرپور فائدہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ دو روزہ ہیلتھ ایکسپو میں حکومتی نمائندوں، غیر ملکی سفیروں اور صنعت سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس ایکسپو کا مقصد پاکستان کے ہیلتھ کیئر اور فارماسیوٹیکل شعبے کی برآمدی صلاحیت کا جائزہ لینا اور درپیش مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔اس موقع پر صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فارماسیوٹیکل مصنوعات کی تیاری میں ماہر ہے اور یہاں ہنرمند افرادی قوت دستیاب ہے۔پاکستان معیاری اور کم قیمت ادویات تیار کرنے والا ملک ہے جو عالمی مارکیٹ کے لئے پرکشش ہیں تاہم انہوں نے ریگولیٹری رکاوٹوں، تحقیق و ترقی میں کمی اور سخت عالمی مقابلے کو اہم چیلنجز قرار دیا۔











