وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کا ٹی وی او ہیڈکوارٹرز کا دورہ

4

اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ  سید عمران احمد شاہ نے جمعرات کے روزٹرسٹ فار والنٹری آرگنائزیشنز (TVO) کے مرکزی دفتر اسلام آباد کا دورہ کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر غلام محی الدین اور سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا اور تنظیم کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔

سی ای او نے بتایا کہ ٹی وی او نے اب تک 1.36 ارب روپے کی مالی معاونت سے 1,431 منصوبے مکمل کیے ہیں، جن کے ذریعے ملک بھر میں 10.8 ملین سے زائد افراد مستفید ہوئے۔ ان منصوبوں میں صحت، تعلیم، صاف پانی، معذور افراد کی بحالی، فنی تربیت اور ماحولیاتی تحفظ جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ تنظیم وزارت کے  نیشنل پاورٹی گریجویشن پروگرام (این پی جی پی )کے ساتھ شراکت داری میں سندھ کے ضلع  شکارپورمیں پائلٹ بنیادوں پر “ویلیج سوشل انٹرپرائزز” منصوبہ کامیابی سے چلا رہی ہے۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ TVO کا نچلی سطح پر براہِ راست کام کرنے کا ماڈل مؤثر اور قابلِ تقلید ہے۔ انہوں نے خاص طور پر بلوچستان میں غربت کے خاتمے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں بلوچستان کے لوگوں کو قومی ترقی کے دھارے میں لانے کے لیے عملی اور دیرپا حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ادارے کی سال بہ سال کارکردگی، مالیاتی تفصیلات، اور منصوبہ جاتی اثرات پر مبنی رپورٹ آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔ انہوں نے ادارے کے وزارت کے ساتھ روابط، گورننس اسٹرکچر، علاقائی دفاتر اور فیلڈ ماڈل سے متعلق تفصیلی استفسار بھی کیا۔

وزیر موصوف نے کہا کہ وزارت اور ٹی وی او کے درمیان ہم آہنگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے پسماندہ علاقوں تک رسائی، نتائج کی مانیٹرنگ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

دورے کے اختتام پر وزیر نے ادارے کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور نمائندوں سے ملاقات کی۔ آخر میں وزارت اور ٹی وی او کے درمیان باہمی تعاون کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔