اسلام آباد، 9 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے پولی کلینک ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے میڈیکل وارڈز، آئی سی یو، اور ڈائیلاسز سنٹر کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران وزیر صحت نے 20 نئے بیڈز کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ ایم آر آئی مشین فوری طور پر نصب کی جائے تاکہ مریضوں کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیر صحت نے ہسپتال کے پرانے انفرااسٹرکچر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ اس کی جامع فزیبیلیٹی رپورٹ تیار کی جائے، جس کا مقصد سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا اور مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
اس موقع پر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صحت عامہ کے شعبے میں اصلاحات اور بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور سرکاری ہسپتالوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔