وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی جانب سے ریموٹ سینسنگ سٹیلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر قوم کو مبارکباد

10

اسلام آباد، 31جولائی  (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے پاکستان کے ریموٹ سینسنگ سٹیلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے سپارکو کی پوری ٹیم، انجینئرز اور سائنسدانوں کو اس اہم کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سٹیلائٹ کامیابی کے ساتھ اپنے مدار میں پہنچ چکا ہے،اور یہ پیش رفت پاکستان کی خلائی تحقیق اور سپیس ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے اس منصوبے میں چین کے بھرپور تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیر نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایک بار پھرسپیس ٹیکنالوجی کے میدان میں قائدانہ مقام دلایا جائے گا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ آئندہ سال چین کی مدد سے ایک پاکستانی آسٹرو ناٹ کو خلا میں بھیجا جائے گا،جب کہ 2035 تک پاکستان چاند پر پہنچنے کے پروگرام کو بھی کامیابی سے مکمل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک سائنسی کامیابی نہیں بلکہ قومی وقار، خودمختاری اور جدید مستقبل کی طرف بڑھتا ہوا قدم ہے۔