ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بورڈ کا 12واں اجلاس، برآمدی حکمت عملی اور ادارہ جاتی اصلاحات کی منظوری

2

اسلام آباد، 7 جولائی )اے پی پی ): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے بورڈ کا 12واں اجلا س اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سینئر سرکاری حکام اور TDAP بورڈ کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان کی برآمدی مسابقت کو بڑھانے اور تجارتی سہولت کاری میں بہتری لانے کے لیے کئی اہم اسٹریٹجک اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور منظوری دی گئی۔بورڈ نے مالی سال 2025-26 کے سالانہ بزنس پلان، 120 سے زائد بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت، ایتھوپیا اور بنگلہ دیش میں “میڈ اِن پاکستان” نمائشوں، قومی سطح پر نمائشوں، برآمدات کے فروغ پر سیمینارز اور ملک بھر میں قومی برآمدی تربیتی پروگراموں کی منظوری دی۔

علاقائی تجارتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے TDAP کے کوئٹہ اور سیالکوٹ میں ریجنل دفاتر میں ڈسپلے سینٹرز، کانفرنس رومز اور آئی ٹی ایکسیلیریٹرز کے قیام کی منظوری دی گئی، جبکہ سیالکوٹ میں کھیلوں کے سامان اور سرجیکل آلات کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

بورڈ نے بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں خواتین کاروباری شخصیات کی شمولیت بڑھانے کے اقدامات کی بھی توثیق کی۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے زور دیا کہ پاکستان کو برآمدات کے لیے صرف روایتی منڈیوں پر انحصار کرنے کے بجائے ابھرتی ہوئی بین الاقوامی منڈیوں کی طرف توجہ دینی چاہیے تاکہ برآمدات میں تنوع آئے اور مخصوص خطوں پر انحصار کم ہو۔

انہوں نے TDAP کے اندر شعبہ جاتی تحقیق کے لیے مخصوص ریسرچرز کی تعیناتی کی تجویز بھی دی تاکہ ڈیٹا پر مبنی تحقیقی تجزیے اور مشورے فراہم کیے جا سکیں، جو پالیسی سازی اور منصوبہ بندی کو مزید مؤثر بنائیں گے۔

وزیر تجارت نے TDAP کی تنظیم نو کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کو ایک مؤثر اور برآمدات پر مرکوز ادارہ بنانے کے لیے یہ اقدامات اہم ہیں، جو عالمی تجارت کی جدید ضروریات سے ہم آہنگ ہوں۔