اسلام آباد، 31 جولائی (اے پی پی): پاکستان اور امریکا کے درمیان ایک اہم تجارتی معاہدہ طے پایا ہے، جس کا مقصد دو طرفہ تجارت کو فروغ دینا، منڈیوں تک رسائی میں اضافہ، سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور مختلف شعبوں میں اہمی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
وزارتِ خزانہ پاکستان کے مطابق یہ معاہدہ واشنگٹن میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے دوران طے پایا، جہاں دونوں ممالک کے اقتصادی و تجارتی نمائندوں نے شرکت کی۔ ملاقات میں توانائی، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
معاہدے کے تحت پاکستانی برآمدات پر محصولات میں نرمی متوقع ہے، جس سے امریکی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کو بہتر رسائی حاصل ہوگی۔ یہ معاہدہ پاکستان کی اقتصادی سفارت کاری کے تحت دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی اقتصادی تعاون کی بنیاد بھی مضبوط ہو گی۔ معاہدے کے نتیجے میں انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
وزارت خزانہ نے اس معاہدے کو دوطرفہ تعلقات میں ایک مثبت اور تعمیری پیش رفت قرار دیا ہے۔