پاکستان اور تھائی لینڈ کا دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار

11

اقوامِ متحدہ، 23 جولائی(اے پی پی): نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران اعلیٰ سطحی تقریبات کے موقع پر تھائی لینڈ کے وزیرِ خارجہ مارس سانگیاپونگسا سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، خاص طور پر ثقافتی اور پارلیمانی تبادلوں، عوامی روابط، تجارت اور سیاحت کے شعبوں میں۔ انہوں نے خوراک کے تحفظ، ماہی گیری، دفاع اور علاقائی روابط سمیت کئی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور اقوامِ متحدہ سمیت کثیرالطرفہ فورمز پر تعاون پر بھی گفتگو کی۔

وزیرِ خارجہ مارس نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے پر پاکستان کو مبارکباد دی اور کونسل کے کام میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔